(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) تیونسی صدر قیس سعید نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی قرارداد پر عرب ممالک اور فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کرنے والے ممالک کے ساتھ مشاورت کریں۔
تیونس کے ایوان صدر کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق گزشتہ روز تیونس کے صدر قیس سعید کا فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، دونوں رہ نماؤںنے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے امریکا کے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبے’صدی کی ڈیل’ پرتبادلہ خیال کیا اور اس سازشی منصوبے کو مسترد کردیا۔
تیونسی صد رنے ایک بارپھر فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینیی قوم کے دیرینہ حقوق کے سودے بازی کی اجازت نہیں دیں گے، تیونس ہرحال میں فلسطینی قوم کی حمایت کرے گا۔
صدر قیس سعید اور فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے درمیان صدی کی ڈیل نامی امریکی منصوبے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیاگیا، دونوںرہ نمائوں نے امریکا کے اس مزعومہ امن پلان کو مشترکہ طورپر مسترد کردیا۔
اس موقعے پر فلسطینی صدر محمود عباس نے تیونس کے صدر کےفلسطینی قوم کی حمایت پر مبنی دیرینہ موقف پر تیونس کا شکریہ ادا کیا۔