مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی اخبارات اور نشریاتی اداروں نے اس اہم خبر کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایمسٹرڈم بلدیہ کی جانب سے یہ فیصلہ فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل کے بائیکاٹ کے لیے جاری مہمات سے متاثر ہوکر کیا ہے۔
عبرانی ٹی وی 2 کی رپورٹ کے مطابق ایمسٹرڈم بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تل ابیب اور ایمسٹرڈم کو جڑواں شہر قراردینے کا معاہدہ اب منسوخ ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ ہی عرصہ قبل ایمسٹرڈم کے میئرنے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے ساتھ دونوں شہروں کو جڑواں قراردینے کاایک معاہدہ کیا تھا تاہم ملک کی بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور فلسطینیوں کے حقوق کی حمایتی تنظیموں نے اس فیصلے کی شدید مذمت کی تھی۔
درایں اثناء برطانوی اخبار "گارجین” نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یورپی ممالک کے 700 فنکاروں اور دانشوروں نے اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف استعماری پالیسیوں کی وجہ سے صہیونی ریاست کا بائیکاٹ کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فنکاروں کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان میں سات سو فنکاروں اور دانشوروں کے دستخط کیے گئے ہیں۔ ان میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ظالمانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے بائیکاٹ کااعلان کیاگیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین