(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ترکی کے شہر استنبول میں ’’نصرت اقصیٰ‘‘ کے عنوان سے تین روزہ عالمی کانفرنس جاری ہے۔ کانفرنس میں ترکی، عرب ممالک اور دوسرے مسلمان ملکوں کی نامور مذہبی اور سیاسی شخصیات شرکت کررہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق استنبول میں کل جمعہ کے روز شروع ہونے والی عالمی نصرت اقصیٰ کانفرنس میں سیکڑوں سیاسی، مذہبی رہنماؤں، مفکرین، دانشورں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔کانفرنس کے پہلے سیشن میں مقررین نے قبلہ اوّل کو لاحق خطرات پر روشنی ڈالی اور ترکی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اوّل کے دفاع کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔
کانفرنس میں کئی فلسطینی تنظیموں کے مندوبین بھی شریک ہیں۔ ان میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے رکن محمد نزال، اسلامی جہاد کے رہنما محمد الھندی، معروف فلسطینی تجزیہ نگار ڈاکٹر سامی العریان، مصری مبلغ ڈاکٹر وجدی غنیم، فلسطینی سپریم علماء کونسل کے بیرون ملک سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نواف التکریتی، سعودی عرب کے ممتاز مذہبی رہنما ڈاکٹر احمد بن راشد بن سعید اور مصنف ڈٓاکٹر محمد الحضیف نے شرکت کی۔
کانفرنس میں متحدہ امارات کی الامہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل حسن احمد الدقی، کویتی رکن پارلیمنٹ عبداللہ عکاش، شامی تجزیہ نگار نبیل شبیب، انٹرنیشنل القدس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل یاسی محمود، بحرین کے رکن پارلیمنٹ ناصر الفضالہ، لبنانی عالم دین الشیخ احمد العمری اور سعودی عرب کے مہنا الحبیل بھی شریک ہوئے۔کانفرنس کل اور پرسوں بھی جاری رہے گی جس میں مزید عالمی شخصیات شرکت کریں گی۔
