(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ جس طرح انسانی حقوق کی پامالیاں جاری رکھی ہوئی ہیں ایک المناک داستان ہے جسے بھارت پوشیدہ رکھنا چاہتا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ، بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک برتا جا رہا ہے اس پر بے حد تشویش ہے تاہم آج بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور جمہوریت میں وہ سلوک روا نہیں رکھا جاتا جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے اور معصوم شہریوں کے ساتھ رکھا جا رہا ہے ۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے جب بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو منظرِعام پر لانا چاہا تو انہیں اتنا مجبور کیا گیا کہ انہیں بھارت میں اپنے دفاتر بند کرنا پڑےاور ان کے اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے جبکہ ان کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ظلم و ستم کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہیومن رائٹس کونسل کو انسانی حقوق کی تنظیموں پر لگائی جانے والی قدغنوں اور بے جا پابندیوں کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جتنی انسانی حقوق کی تنظیمیں ہیں انہیں اس بھارتی رویے کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔