(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 5کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جس کے بعد 8 روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 13 ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے اضلاع شوپیاں اور پلواما میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 5 نوجوانوں کو شہید کردیا جبکہ 8روز کے اندر اندر سری نگر، شوپیاں، بڈگام، اور اننت ناگ میں کیے گئے آپریشن میں 13 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جاچکا ہے ساتھ ہی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت کو مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کی اور لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیاجس کے بعد سے علاقہ مکینوں نے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہر کیا اور آزادی جدوجہد کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔
مظاہرین کو طاقت کے بل پر کچلنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کرکے 10 مظاہرین کو زخمی کردیا۔
واضح رہے کہ شوپیاں اور سری نگر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی گاڑی پر 2 الگ واقعات میں ہینڈگرنیڈ سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 3 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔