(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں بھارتی حکام کی جانب سے اخبار کشمیر ٹائمز کے دفتر کو سیل کرنے کی مذمت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کشمیر ٹائمز کے مالک انورادھا بھاسن کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئے جانے والے بیان کے مطابق حکام نے بلاجواز اوربغیر پیشگی نوٹس کے پریس انکلیو میں واقع کشمیر ٹائمز کے دفتر کو سیل کردیا ہے تاہم چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نےاس بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اپنے بیان میں شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فریڈم آف پریس کے بین الاقوامی قوانین اور کسی بھی جمہوری معاشرے میں موجود صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر سے شائع ہونے والے حقیقت شناس اخبارات اور ان اخبارات میں کام کرنے والے ان صحافیوں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی اپنی جانوں پر کھیل کراس خطے کی خراب صورتحال خاص طور پر بڑے پیمانے پر رونما ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرتے رہتے ہیں جس کا عالمی دنیا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کے خلاف ایکشن لے۔
واضح رہے کہ بھارتی حکام کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر سنسرشپ اور پابندیاں معمول بن چکا ہے اور اس کے علاوہ صحافیوں کو ہراساں کیا جاتا ہے اور جان لیوا حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔