(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) بھارتی فورسز کے ہاتھوں بلاجواز بدترین تشدد کا نشانہ بننے والے دو کشمیری نوجوانوں کو زخمی حالت میں ان کے رہائشی علاقے میں پھینک دیاگیا۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کےمظالم کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ تاحال جاری ہے اور بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری نوجوانوں پر تشدد کے واقعات میں رات دن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قابض بھارتی فوج کے اہلکاروں نے 2کشمیری نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا تے ہوئے انتہائی زخمی حالت میں انکے رہائشی علاقے میں پھینک دیا جس کے ساتھ ہی اہل علاقہ نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے قابض فورسزکی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ شروع کر دیا ۔
کشمیری نوجوانوں پر تشدد کے واقعات کے بعدنوجوانوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی سہولیات دی جارہی ہیں تاہم واقعے کے حوالے سے سرینگرکے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی 14 ماہ سے مسلسل جاری ہے، جس پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، بھارتی قابض فورسز نے اس دوران 253 کشمیریوں کو شہید کیا جب کہ 14 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں سے ایک تعداد کو بھارتی جیلوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔