بزدلانہ صہیونی فضائی حملہ، یمنی حکومت کے وزیراعظم احمد الرحاوی شہید
بیان میں کہا گیا کہ احمد الرحاوی جمعرات کو ایک اجلاس کے دوران شہید ہوئے جہاں وزراء اور دیگر حکومتی اراکین اپنی کارکردگی کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس حملے میں متعدد وزراء زخمی بھی ہوئے۔
(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) یمن کی صدارتی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں وزیراعظم احمد غالب الرہوی سمیت متعدد وزراء شہید اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یمن کے صدارتی دفتر نے ہفتے کو جاری ایک بیان میں کہا کہ جمعرات کے روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے صنعاء میں ایک ورکشاپ کو نشانہ بنایا جہاں وزیراعظم احمد غالب الرہوی اپنے وزراء کے ہمراہ سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مصروف تھے۔ اس حملے میں وزیراعظم شہید ہوگئے جبکہ کئی وزراء زخمی ہیں جو اس وقت طبی مراکز میں زیرِ علاج ہیں۔
صہیونی ریاست نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ اس نے یمن کی اعلیٰ فوجی قیادت بالخصوص چیف آف اسٹاف جنرل محمد الغماری کو ہلاک کر دیا ہے، لیکن جمعہ کو جنرل الغماری نے خود ایک پیغام جاری کرکے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا اور خبردار کیا کہ صنعاء کے رہائشی علاقوں پر ہونے والے یہ حملے بلا جواب نہیں رہیں گے۔
اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی فضائیہ نے جمعرات کو کم از کم 10 مقامات کو نشانہ بنایا، جن میں صنعاء کے جنوبی علاقے جبل عطان بھی شامل ہے۔ اسرائیلی میڈیا کی چینلز 12 اور 14 نے دعویٰ کیا تھا کہ حملوں کا مقصد یمن کی فوجی قیادت کو نشانہ بنانا تھا۔
یمنی صدارتی دفتر نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ وزیراعظم کی شہادت کے باوجود حکومت اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھے گی اور ریاستی ادارے عوام کو خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔