اسلامی جمہوریہ ایران میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے مندوب خالد القدومی نے ایران کی قومی سلامتی و خارجہ کمیٹی کے ارکان اور ایرانی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں میں مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورت حال اور فلسطینی تحریک انتفاضہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کو حماس کے مندوب خالد القدومی نے ایرانی پارلیمنٹ کی عالمی امور کمیٹی کے چیئرمین حسین شیخ الاسلام، کمیٹی برائے فلسطین و مزاحمت کے چیئرمین مجتبیٰ رحماندوست، اسلامی جہاد کے مندوب اور تہران میں فلسطینی اتھارٹی کے سفیر سے بھی ملاقات کی۔ایرانی حکام سے ملاقاتوں کے دوران حماس کے مندوب خالد القدومی نے مسئلہ فلسطین کی موجودہ صورت حال، فلسطین کے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جاری تحریک انتفاضہ اور عالمی فورمز پر مسئلہ فلسطین کی موجودہ حیثیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطینی عوام اس وقت اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عالمی برادری بالخصوص مسلم دنیا کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت وقت کی ضرورت ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایرانی سیاسی رہنماؤں اور پارلیمانی عہدیداروں نے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی خارجہ سیاست و قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین علاء الدین بروجردی نے کہا کہ فلسطینیوں کی ایران کی جانب سے حمایت عارضی یا جزو وقتی نہیں بلکہ دائمی ہے۔ فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین جزو ہے۔