رپورٹ کے مطابق امریکی شہر واشنگٹن میں منعقدہ ایک کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاھو نے کہا کہ فلسطین۔ اسرائیل تنازع کا واحد حل یہ ہے کہ فلسطینی ریاست ہرقسم کے اسلحہ سے پاک ہو۔ نیز فلسطینی ریاست کو اسرائیل کو یہودی ریاست کے طورپر تسلیم کرنا ہوگا۔
نیتن یاھو کا کہنا تھا کہ فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے حل نہ ہونے کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ آج تک فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل کو یہودیوں کی قومی ریاست کے طورپر تسلیم کرنے سے انکار کیا جاتا رہا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاھو نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطینی اور یہودی اقوام پر مشتمل ریاست نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے اس انتباہ کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کسی بھی وقت ختم ہوسکتی ہے۔
نیتن یاھو کا کہنا تھا کہ فلسطین اور اسرائیل میں امن وامان کا راستہ فریق ثانی کی جانب سے امن کی شرائط پرعمل درآمد میں مضمرن ہے، مگر افسوس ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے امن کی خواہش کا کھل کراظہار نہیں کیا گیا۔