(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے قائم ریلیف ایجنسی”انروا” نے انکشاف کیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقے میں فلسطینیوں کی آمدورفت اور رسائی پر عائد پابندیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
انروا نے آج منگل کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ قابض فوج نے نئی چوکیاں اور گیٹ نصب کیے ہیں تاکہ فلسطینی عوام کی نقل و حرکت میں مزید رکاوٹیں کھڑی کی جا سکیں۔
یہ اقدامات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں قابض فوج نے اپنی جارحیت کو تیز کرتے ہوئے فوجی حملوں اور کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور تعلیمی و مذہبی اداروں کو ایک منظم سازش کے تحت دباؤ میں لایا جا رہا ہے تاکہ پورے علاقے پر قابض اسرائیل اپنی گرفت کو مزید مضبوط کر سکے۔