(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکا میں مقیم فلسطینی کمیونٹی نے امریکی سیکریٹری خارجہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ امریکا غزہ میں انسانی بنیادوں پر امدادکی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار اداکرے ۔
امریکہ میں مقیم فلسطینی کمیونٹی نے امریکی سیکریٹری خارجہ انتھونی بلنکن کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں ا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکا عالمی وباکورونا وائرس کے بحران میں مقبوضہ فلسطین میں مداخلت کرے اور فلسطینیوں کی بہبود کے عالمی ادارے (یو این آر ڈبلیو اے) اونروا کو فوری طور پر تمام معاشی اور انسانی امداد کو بحال کریں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں محصور ا ور نہتے فلسطینیوں کو سنگین مسائل سے بچایا جاسکے ۔
خط میں نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے انتخامی مہمات کے دوران فلسطینیوں کے مسائل کے حل کے وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام ایک مشکل ترین دور سے گزررہے ہیں ، موجودہ وبائی بحران میں فوری فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے ضروری خوراک کی امداد ، اسکولوں ، صحت کی دیکھ بھال اور معاشرتی خدمات کے لئے مالی اعانت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
"ہم بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے مہم کے وعدوں کو پورا کرے اور اقوام متحدہ کے آر ڈبلیو اے کے ذریعہ مہاجرین کو مدد کی صورت میں فلسطینی عوام کو فوری طور پر معاشی اور انسانی امداد کی بحالی کے لئے فوری اقدامات کرے ، اور غزہ میں جاری انسانی بحران کو دور کرنے کے لئے کام کریں ۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ ، یو این آر ڈبلیو اے ، 5 لاکھ سے زیادہ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کرتا ہے تاہم ، 2018 میں ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے لئے مالی امداد کم کردی تھی اور اسی سال فلسطین کو 200 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد میں کمی کردی تھی۔