مصری حکام نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اردن کو قدرتی گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن کو جمعرات کی صبح دو دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا۔ پہلا دھماکا شمالی علاقے العریش جب کہ دوسرا وہاں ہی قائم ایک پمپنگ اسٹیشن کے قریب ہوا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اُنھوں نے جائے وقوعہ پر مسلح افراد کو دیکھا اور دھماکوں کی وجہ سے بھڑکنے والی آگ کے شعلے قریبی قصبے سے بھی دیکھائی دے رہے تھے۔
رواں سال ہونے والا اپنی نوعیت کا یہ ساتواں واقعہ ہے۔ فروری میں صدر حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سے نامعلوم افراد گیس پائپ لائن کو تواتر سے نشانہ بنا رہے ہیں۔ سابق رہنما کے دور حکمرانی میں مصر سے اسرائیل کو گیس کی برآمد کا معاہدہ طے پایا تھا لیکن یہ مصری عوام میں غیر مقبول ہے۔