(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی سرکاری بجلی کمپنی نے اپنی واجب الادا رقوم کی عدم ادائیگی پر مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع فلسطینی شہر الریحا کو بجلی کی ترسیل منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر آج جمعرات سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
ایک اسرائیلی عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور پرائیویٹ کمپنی فلسطین یروشیلم ڈسٹرکٹ الیکڑیسٹی کمپنی اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن کی طویل عرصے سے واجب الادا 45 کروڑ ڈالرز کی رقم ادا کرنے میں ناکام رہی ہیں جس کے بعد الریحا کو بجلی کی ترسیل میں کمی کی جارہی ہے۔اس عہدے دار کا کہنا ہے کہ ”ہم نے تمام متعلقہ فریقوں کو مطلع کردیا ہے اور واجب الادا رقوم کی ادائیگی کےلیے کوئی بندوبست نہ ہونے پر ہم نے قرضے کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے”۔
جنوری 2015ء میں اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے اسی طرح رقوم کی عدم ادائیگی پر متعدد فلسطینی شہروں کی روزانہ کئی کئی گھنٹوں کے لیے بجلی منقطع کردی تھی۔اسرائیل کی وزارت خزانہ اور وزیر اعظم کے دفتر نے اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ان دونوں کو بھی فلسطینیوں کی بجلی منقطع کرنے سے متعلق فیصلوں میں شریک کیا جاتا ہے۔فلسطینی حکام نے بھی فوری طور پر اس معاملے پر کوئی ردعمل جاری نہیں کیا ہے۔