قاہرہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر نے مسجد اقصیٰ پر صیہونی فوجیوں اور آباد کاروں کے دھاوؤں، مسجد کو بند کرنے اور نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جامعہ الازھر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست مسجد اقصٰی کی بے حرمتی اور نمازیوں پر پابندیاں عائد کرکے مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حرمت کو پامال کرتےہوئے عالم اسلام کےجذبات کو مشتعل کررہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے فلسطینی نمازیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال، مسجد میں نماز کی ادائیگی میں رکاوٹیں پید اکرنا اور مقدس مقام کو بند کرنا مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
جامعہ الازھر کا کہنا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کو عزت، وقار اور آزادی کے ساتھ اپنے تمام مقدسات میں عبادت کرنے کا حق ہے اور اسرائیل ان سے یہ حق نہیں چھین سکتا۔ بیان میں عالمی برادری پر زوردیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو القدس اور قبلہ اوّل کے حوالے سے عالمی قراردادوں کا پابند بنانے کے لیے تل ابیب پر دباؤ ڈالے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی برادری کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے جرائم پرخاموشی اورصیہونیوں کے جرائم نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں عدم استحکام کا موجب بن سکتے ہیں۔