اسرائیل نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں یکم اکتوبرکے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کچلنے کے لیےغرب اردن کے شہروں میں چار گنا زیادہ فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ غرب اردن میں جاری حالیہ کشیدگی کو فرو کرنے کے لیے مزید چار بریگیڈ اضافی پیادہ فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غرب اردن میں تازہ دم فوجیوں کی تعینات کا فیصلہ ایک ایسےوقت میں کیا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں پچھلے تین ماہ سے فلسطینی تحریک انتفاضہ جاری ہے۔ آنےوالے ہفتوں میں بھی اس تحریک کے جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ دو بریگیڈ ریزرو فوج آئندہ سال کے آغاز میں جنوری میں تعینات کی جائے گی۔ اگلے مرحلے میں مزید دو بریگیڈ فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غرب اردن میں فوج کی اضافی نفری کی تعیناتی سے امن وامان کے قیام میں مدد ملے گی۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ چار بریگیڈ اضافی فوج کی تعیناتی کے بعد غرب اردن کی شاہراہوں اور شہروں میں تعینات کی فوجی اہلکاروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا اور فلسطینیوں کی مزاحمتی تحریک کچلنے میں مدد ملے گی۔