(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اردن کے وزیر خارجہ نے عالمی برادری کو متنبہ کیا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی یک طرفہ غیر قانونی اقدامات خطےکے امن کو تباہ جبکہ قضیہ فلسطین کی راہ میں تباہ کن اثرات مرتب کررہے ہیں۔
اردن کے دارالحکومت عمان میں عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط سے ملاقات کے دوران اردنی وزیر خارجہ ایمن الصفدی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ، غیرقانونی یہودی بستیوں کی تعمیر، انتظامی قید کی پالیسی اور خواتین بزرگ اور بچوں کی بلا جواز گرفتاریاں کرکے سرائیل عالمی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کی کوششوں کو تباہ کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ عرب اقوام کا قضیہ فلسطین کے حوالےسے موقف فلسطینی قوم کے مکمل حقوق پرمرکوز ہے، تمام عرب ممالک فلسطینی قوم کی مکمل آزادی اور خود مختاری چاہتےہیں۔
ہم ایک ایسی فلسطینی مملکت کے قیام کے لیے کوشاں ہیں جس کی سرحدیں سنہ 1967ء کی عرب ۔ اسرائیل جنگ کے دوران قبضے میں لیے گئے علاقوں پر مشتمل ہوں اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ قضیہ فلسطین کے حوالے سے عرب ممالک کا موقف ناقابل تغیر ہے اور ہم مشرق وسطیٰ میں دیر پر قیام امن کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔