غزہ مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف مظالم فلسطینی عوام میں پائے جانے والے غم وغصے کو آتش فشاں کی شکل دینے کا باعث بن سکتے ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے تحریک انتفاضہ دوم کے 15 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں تیسری تحریک انتفاضہ نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔ اسرائیلی مظالم سلگتی چنگاری کو بھڑکتا شعلہ بنانے کا موجب بن رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں تیسری تحریک انتفاضہ کے لیے تمام زمینی اسباب ومحرکات موجود ہیں۔ اسرائیل خود ہی جلتی پر تیل چھڑک رہا ہے۔ فلسطینی قوم میں پایا جانے والا غم وغصہ کسی بھی وقت آگ کے شعلے کی شکل میں سب کواپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ جب تحریک انتفاضہ شروع ہوگئی تو خشک وتر سب کچھ جل کر بھسم ہوجائے گا۔
حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل طاقت کے بل بوتے پر فلسطینی قوم کے دلوں سے مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کی محبت چھین نہیں سکتا ہے۔ قبلہ اول پوری مسلم امہ اور تمام عرب اقوام کے دلوں میں بستا ہے۔ مسجد اقصیٰ ہمارے ایمان اور عقیدے کا جزو ہے اور مسلمان کسی صورت میں قبلہ اول کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے۔