رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز علی الصباح الخلیل شہر میں الزاویہ کے مقام پر اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ قابض فوجیوں نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا۔ قابض فوج کے تشدد سے زخمی فلسطینیوں کو ایک مقامی ڈاکٹربیت اولا سے تعلق رکھنے والے عمرو عقل طبی امداد فراہم کررہے تھے کہ اس دوران قابض فوج نے انہیں بھی دھاتی گولی سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی۔ پچیس سالہ ڈاکٹر عقل الخلیل کے سرکاری اسپتال میں خدمات انجام دیتے ہیں۔
الخلیل کی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر محمد الرمحی نے بتایا کہ ڈاکٹر عمرو عقل کی دائیں آنکھ اسرائیلی فوجیوں کی داغی گئی ایک گولی لگنے سے ضائع ہوئی۔ گولی دیر تک ان کی آنکھ میں رہی۔ بعد ازاں سرجری کے ذریعے سے نکالا گیا ہے۔ تاہم ڈاکٹر عقل کی آنکھ مکمل طورپر ضائع ہوگئی۔