اسرائیلی فوج نے بدھ کو علی الصباح فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے شمال میں واقع جبل المنارہ کے مقام پر قبضہ کرلیا ہے جس کے بعد فلسطینی شہریوں کی وہاں آمد ورفت بند کردی گئی ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ جبل المنارہ جنوبی بیت لحم سے متصل شمالی الخلیل کا اہم ترین علاقہ ہے جو ایک طرف العروب پناہ گزین اور دوسری جانب بیت فجار نامی قصبوں کے درمیان گھرا ہوا ہے۔ اس پہاڑی علاقے پراسرائیلی فوجیوں نے بدھ کو علی الصباح بھاری نفری تعینات کرنے کے بعد قبضہ کرلیا تھا۔عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جبل المنارہ کے مقامی فلسطینی شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کئی مکانات کی چھتوں پر بھی اسرائیلی فوج کے مسلح اہلکار چڑھ بیٹھے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی اس غیرمعمولی کارروائی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج اس علاقے کو "فوجی ایریا” قرار دینے کی غرض سے یہاں داخل ہوئی ہے اور امکان ہے کہ وہاں سے فلسطینی آبادی کو بھی طاقت کے ذریعے بے دخل کردیا جائے۔