رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نوجوان کو دانستہ طورپر گاڑی تلے کچلنے کی کوشش کی۔ زخمی ہونے کے بعد اسے صہیونی فوجیوں نے وہیں پر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں گرفتار کرلیا۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ فلسطینی کو کچلنے والی گاڑی خود بھی ایک پتھر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوان کی جان بچ گئی ورنہ ایسے لگ رہا تھا کہ جیپ کے ذریعے فلسطینی کو دانستہ طورپر کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ادھر البیرہ میں ایک احتجاجی مظاہرے کے کوریج کرنے والے دو صحافیوں کو بھی اسرائیلی فوجیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے کیمرے توڑ ڈالے۔ اس موقع پر طبی امداد فراہم کرنے والے متعدد کارکنوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
شمالی البیرہ کے داخلی راستے پر فلسطینی شہریوں اور "بیت ایل” یہودی کالونی کے آباد کاروں کے درمیان بھی تصادم ہوا۔ اسرائیلی فوجیوں نے یہودی آباد کاروں کے دفاع میں کارروائی کرتے ہوئے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔