مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزارت فضائی نقل وحمل علی عضیبات نے عمان میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک شاہ حسین ہوائی اڈے کے قریب سرحد کی دوسری جانب اسرائیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کی مخالفت کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹا ہے۔ ہم آج بھی صہیونی ریاست سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ وادی عقبہ سے متصل اپنا ہوائی اڈے کے قیام کا منصوبہ ترک کردے۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ عمان نے وادی عقبہ سے متصل علاقے میں اسرائیلی ہوائی اڈے کے قیام کی تجویز کو قبول کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈٰیا میں آنے والی یہ تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔
عمان میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے علی العضیبات کا کہنا تھا کہ وادی عقبہ سے متصل اسرائیل کے ہوائی اڈے کے قیام سے اردن کی فضائی بالادستی بری طرح متاثر ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ اردنی مسافر طیاروں کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل ایک عرصے سے اردن کی سرحد سے متصل مقبوضہ فلسطین میں ایک بین الاقوامی ائیر پورٹ کے قیام پرکام کررہا ہے تاہم اردن سمیت بعض دوسرے عرب ملکوں نے بھی اسرائیل کے اس پروجیکٹ کی سخت مخالفت کی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین