(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )مسجد اقصی کے مصلی باب رحمت کو بند کرنے کے حوالے سے اسرائیلی خبریں من گھڑت ثابت ہو گئیں۔اردن کی حکومت نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اردن نے اسرائیلی میڈیا میں گردش کرنے والی ان تمام خبروں کو بے بنیاد کہہ کر مسترد کر دیا ہے جن میں دعوی کیا گیا تھا کہ اردن اور اسرائیل کے درمیان مسجد اقصیٰ کے مصلیٰ باب رحمت کو 6 ماہ کےلیے بند کرنے اور اس کے بعد اردنی محکمہ اوقاف کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اردن کے ایک سینئر حکومتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیلی زرائع ابلاغ میں مصلیٰ باب رحمت کی بندش کے حوالے سے آنے والی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ اس حوالے سے اردن اور اسرائیل کے درمیان کوئی نیا سمجھوتہ نہیں ہوا ہے۔
اردنی عہدیدار نے مسجد اقصی کے حوالے سے اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ باب رحمت اور مصلیٰباب رحمت کے حوالے سے اردن اپنے اصولی موقف پرقائم ہے۔ اردن کا موقف ہے کہ مصلیٰ باب رحمت مسجد اقصیٰ کا حصہ ہے اور اس کا حکم مسجد اقصیٰ کے دیگر اہم مقامات کے حکم میں داخل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی میڈیا مقدس مقامات کے تاریخی اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کے لیے قانونی اور تاریخی حقائق مسخکرنے کی کوشش کررہا ہے۔