واضح رہے کہ شرکائے القدس ریلی کی بس پر ہونے والا بم حملہ دراصل پہلے سے نصب شدہ تھا جب آئی ایس او کے کارکنان کی بس وہاں سے گذر رہی تھی تو دھماکہ کردیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران، مولانا مرزا یوسف حسین، علامہ آفتاب حیدر جعفری، مولانا صادق رضا تقوی اور مولانا منور علی نقوی نے امام بارگاہ علی رضا (ع) میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب دنیا بھر میں مسلم امہ میں بیداری کی لہر جاری ہے اور وہ یک جان ہو اور متحد ہوکر عالمی سامراج سے نبرد آزما ہیں لیکن ایسے ہی وقت میں امریکی و صیہونی ایجنٹ اپنے آقاؤں کی خوشنودی کے لئے مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنا چاہتے ہیں اور عراق، لبنان، شام سمیت ہر جگہ مسلمانوں پر بم دھماکے کرتے ہیں، گولیاں چلاتے ہیں اور مخلص مسلمانوں کا قتل عام کیا جاتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مسلمان کو قتل کرنے والا اسلام کا دوست نہیں ہوسکتا اگر ہم پاکستان کے حالات کا جائزہ لیں تو گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران سینکڑوں شیعہ مسلمانوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس سے امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم مردہ باد امریکہ، نامنظور اسرائیل کے نعرے بلند کرتے رہیں گے، خواہ اس کے لئے ہمیں کسی بھی قسم کی قربانی دینا پڑے اس سے دریغ نہیں کریں گے، یہی ہمارے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) کا پیغام ہے کہ پاکستان کے مسائل کی اصل جڑ امریکہ، اسرائیل اور اس کے مقامی حواری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قسم کی فرقہ واریت پر یقین نہیں رکھتے، ہم کسی مسلمان کو اس دھماکے کا ذمہ دار نہیں سمجھتے اور اس بم دھماکے کی تمام تر ذمہ داری کراچی میں موجود امریکی قونصل جنرل پر عائد کرتے ہیں۔
رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت اعلیٰ اداروں سے مطالبہ کیا کہ عالمی قوانین کے تحت کراچی میں شرکائے القدس ریلی پر ہونے والے بم حملے اور اس کے نتیجہ میں ہونے والی دو شہادتوں کا کراچی میں موجود امریکی قونصل جنرل کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور پاکستان سے بے دخل کیا جائے بصورت دیگر ملت جعفریہ کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رہا تو پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانوں کا گھیراؤ کریں گے اور عالمی دہشت گردوں کو ملک سے نکال باہر کریں گے۔