کویت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) کویت کی پارلیمنٹ نے باور کرایا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات اور دوستی کے قیام سے انکار کویت کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ کویتی پارلیمنٹ ’’مجلس امۃ‘‘ کی طرف سے یہ مؤقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب بعض خلیجی ممالک اسرائیل کے ساتھ دوستی کے لیے لپکے جا رہے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کویتی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ عبدالکریم الکندری نے وزارت خارجہ کے زیراہتمام منعقدہ اجلاس کے بعد کہا کہ کویت اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات قائم نہیں کرے گا۔ ایسا کرنا کویت کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔ اجلاس میں وزیرخارجہ الشیخ صباح الخالد، نائب وزیرخارجہ خالد جاراللہ اور پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق الغانم نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں گذشتہ ہفتے ہونے والی مشرق وسطیٰ امن کانفرنس میں کویت کی شرکت سے بعض ذرائع ابلاغ نے غلط تاثر پیدا کیا کہ کویت دوسرے عرب ممالک کی طرح اسرائیل سے دوستانہ مراسم کے قیام کے بارے میں سوچ رہا ہے۔
کویتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’’وارسا‘‘ کانفرنس میں کویتی وفد کی شرکت کو اسرائیل کے ساتھ دوستی کی کوششوں پرمحمول نہ کیا جائے۔