(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بھارت نے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب کو نشانہ بنایا جس سے گیارہ شہری زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر جگجوٹ گاؤں میں سویلین آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب میں شریک 11 معصوم شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے شادی کی تقریب کو راکٹوں اور بھاری مارٹرز سے نشانہ بنایا۔ زخمی ہونے والوں میں ایک شخص جبکہ چھ خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شادی کی تقریب میں خاص طور پر خواتین بچوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج میں اخلاقیات کی کمی کی نشاندہی کرتا ہےتاہم بھارتی فوج نے غیر پیشہ وارانہ اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی کا مظاہرہ کیا ہے۔