ماسکو (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی سیاسی جماعت جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین کے سیکرٹری جنرل نایف حواتمہ نے کہا ہے کہ غرب اردن میں وزیراعظم محمد اشتیہ کی حکومت صرف تحریک فتح کی نمائندہ ہے۔ قضیہ فلسطین اور فلسطینی قوم کے مسائل اشتیہ کی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق روس کی ’’سپٹنک‘‘ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے نایف حواتمہ کا کہنا تھا کہ رام اللہ حکومت کی قیادت تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن محمد اشتیہ کے پاس ہے۔ اس اعتبار سے یہ حکومت صرف تحریک فتح کی نمائندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قضیہ فلسطین تاریخ کے کڑے اور مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد اشتیہ کی حکومت پر صرف تحریک فتح کا رنگ ہے اور یہ ہر اعتبار سے فتحاوی حکومت ہے۔ اسے تنظیم آزادی فلسطین میں شامل جماعتوں کی نمائند حکومت نہیں قرار دیا جاسکتا اور نہ ہی یہ قومی حکومت ہے۔
نائف حواتمہ کا کہنا تھا کہ فلسطین میں تمام جماعتوں کی نمائندہ حکومت کی ضرورت ہے۔ تمام جماعتوں پر مشتمل حکومت کی موجودگی میں ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔