مسجد اقصیٰ کی نصرت اور تحریک انتفاضہ القدس کی حمایت میں اردن میں جمعہ کے روز لاکھوں افراد نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کرکے قبلہ اول کے ساتھ اپنے مذہبی تعلق کا ثبوت دیا۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کو نماز جمعہ کے بعد دارالحکومت کی مرکزی جامع مسجد الحسینی سے ایک عظیم الشان جلوس برآمد ہوا جس میں آس پاس کی دیگر جامع مساجد سے مزید ہزاروں افراد شامل ہوتے چلے گئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں مسجد اقصیٰ کے پوٹریٹ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ القدس کی حمایت میں نعرے درج تھے۔مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور صہیونی ریاست سے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور قبلہ اول کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اردنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کہ وہ صہیونی ریاست کے ہاتھوں مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کے رد عمل میں سخت اور جاندار موقف اختیار کرے۔
احتجاجی ریلی میں شریک شہریوں نے دفاع مسجد اقصیٰ اور القدس کے لیے اپنی ہرممکن مدد کا یقین دلایا اور ساتھ ہی فلسطینی مزاحمت کاروں کو یہودی شرپسندوں پر چاقوئوں سے حملوں پر انہیں مبارک باد پیش کی۔