فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں جمعرات کے روز نکالے گئے جلوسوں پر قابض فوج اور پولیس نے وحشیانہ تشدد کیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رام اللہ میں بیت ایل اور شمالی بیت لحم کے داخلی راستے پر فلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس دوران قابض فوج نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کے ساتھ ان پرآنسوگیس کی شیلنگ کی اور براہ راست فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئےہیں۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام شمالی بیت لحم میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان دیر تک تصادم جاری رہا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی فائرنگ سے ایک 19 سالہ نوجوان ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا جب کہ کئی افراد سروں میں دھاتی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئےہیں۔
رام اللہ میں بھی فلسطینی شہریوں کے مظاہروں پراسرائیلی فوجیوں نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ بیت ایل کے مقام پر فلسطینی مظٖاہرین اور اسرائیلی فوج کےدرمیان تصادم میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زیادہ تر شہری آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں یکم اکتوبر سے جاری تحریک کے دوران اب تک 33 فلسطینی شہید اور 1500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔