فلسطین کے مقبوضہ مغرب کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں حرسا کے مقام پر جمعہ کے روز فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک یہودی فوجی زخمی ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ حرسا میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں جمعہ کو نماز فجر کے وقت شروع ہوئیں۔ ایک فلسطینی شہری کی جانب سے پھینکے گئے پتھر سے یہودی فوجی کے سرمیں گہری چوٹ آئی جس سے اس کا چہرہ لہو لہان ہوگیا۔واقعے کے بعد اسرائیلی فوج کی چھ گاڑیوں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے حرسا کی طرف آنے والے تمام راستے بند کردیے۔ تاہم آخری اطلاعات تک یہودی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی جاری تھی۔
الخلیل میں باب الخلیل کے مقام پر بھی فلسطینی شہریوں اور یہودی آباد کاروں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ رات گئے فلسطینیوں اور صہیونی فوجیوں کے درمیان الخلیل کے مختلف مقامات پر آنکھ مچولی جاری رہی۔