(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نےاتفاق رائے سے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے پاکستان کا استحکام بہت ضروری ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے ایک ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کے خلاف جارحیت کی مذمت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پھر جنرل اسمبلی میں کشمیر پر بھرپور مؤقف اپنایا ہے ماضی کےمقابلے میں حالات بہت بہتر ہیں اور صوبہ ترقی کررہا ہے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں سیاسی افہام وتفہیم کی فضا کے فروغ کی ضرورت ہےتاہم مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔
جام کمال اور راجہ فارق نے کشمیر کے موجودہ حالات پربات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی آواز دبا نہیں سکتا اور عالمی برادری بھارتی مظالم کا جلد از جلد نوٹس لے۔
گفتگو میں جام کمال نے عالمی برادری کی توجہ کشمیری عوام پر بھارت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پرکیے جانے والےمظالم کی جانب مبذول کرانے کی ضرورت پر زور دیا، تاہم وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی آواز بننا اور کشمیر یوں کی اخلاقی وسفارتی اور سیاسی حمایت کشمیری عوام کے لیے باعث تقویت ہےاور ہم پاکستان کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے کشمیری عوام کیلئے جذبہ خیر سگالی پر مشکور ہیں۔