فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی وحشیانہ اور بلا اشتعال فائرنگ میں زخمی ہونے والے فلسطینی نوجوان سلامہ موسیٰ ابو جامع کو سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق 22 سالہ شہید ابو جامع کی نماز جنازہ مشرقی خان یونس میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مرکزاطلاعات فلسطین نے ابو جامع کی شہادت کے بعد کے تصویری مناظر بھی قارئین کے لیے پیش کیے ہیں۔خیال رہے کہ جمعہ کی شام جنوبی غزہ میں خان یونس شہر میں اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نوجوانوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ابو جامع شہید اور تین فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوجیوں نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ ایک احتجاجی ریلی میں شریک تھے جب کہ صہیونی فوج کا دعویٰ ہے کہ فلسطینیوں کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ غزہ اور جنوبی فلسطین کے علاقوں کے درمیان لگائی گئی باڑ کی طرف بڑھ رہے تھے۔