اسرائیلی ملٹری پراسیکیوٹر جنرل نے صیغہ راز میں رکھی ایک خبر کو میڈٰیا کو جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد سامنے آنے والی خبر میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ جمعہ کو مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں جامع مسجد الابراہیمی کے قریب ایک فلسطینی نشانہ باز نے اسرائیل کی خاتون وزیر برائے مساوات و سماجی امور گیلا گاملیئیل کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا تاہم وہ معجزانہ طورپر بال بال بچ گئی تھیں۔
رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ سوموار کو ملٹری پراسیکیوٹر کی جانب سے خاتون وزیرہ پر ناکام قاتلانہ حملے کی خبر میڈیا کو جاری کرنے کی اجازت دے دی تھی جس کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ خاتون وزیرہ یہودیوں کے اس گروپ میں شامل تھیں جسے ایک فلسطینی نشانچی نے 20 میٹر کی مسافت سے نشانہ بنایا مگر وہ اس میں مکمل طورپر محفوظ رہی تھیں۔ اس موقع پر فلسطینی مزاحمت کار کی فائرنگ سے دو یہودی آباد زخمی ہوگئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ایک مسلح فلسطینی حملہ آور نے حرم ابراہیمی کے قریب ایک فوجی چیک پوسٹ سے کچھ فاصلے پر ایک یہودی آباد کار پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ حملہ آور موقع سےفرار ہوگیا تھا۔