بغداد (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عراق کے وزیرخارجہ محمد الحکیم نے کہا ہے کہ ان کا ملک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عراق فلسطینی ریاست کے قیام اور اقوام متحدہ میں آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا پرچم لہرانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ملک کی سیاسی اور پارلیمانی جماعتوں نے وزیر خارجہ کے بیان کو قومی مؤقف سے انحراف قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ میں اس کی وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بغداد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عراق فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل پریقین رکھتا ہے ۔ بغداد فلسطینی ریاست کے قیام اور اقوام متحدہ میں اس کا پرچم لہرانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
عراق کے ایک پارلیمانی گروپ کی طرف وزیر خارجہ کے بیان پر سخت تنقید کی گئی اور کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے دو ریاستی حل کی حمایت کرکے ضمنا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ انہیں اس حوالے سے پارلیمنٹ کو وضاحت پیش کرنا ہوگی۔
سابق وزیراعظم نوری المالکی کے جماعت دولۃالقانون کے پارلیمانی بلاک کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہ کرنا عراق کی دیرینہ پالیسی ہے اور ہم فلسطینیوں کے مکمل حقوق اور پورے فلسطین کی آزادی کے حامی ہیں۔ وزیر خارجہ کو اس حوالے سے پارلیمنٹ کے سامنے وضاحت پیش کرنا ہوگی کہ انہوں نے دو ریاستی حل کی حمایت کیوں کی ہے۔
دولۃ القانون کے پارلیمانی بلاک خلف عبدالصمد نے کہا کہ ہم وزیر خارجہ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے عراق کی اسرائیل اور فلسطین کے حوالے سے برسوں اور عشروں پر پھیلی پالیسی اور قومی مؤقف کی نفی کی ہے۔