فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعہ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولیا مار کر شہید کردیا جب اس نے مبینہ طورپر ایک یہودی فوجی پر چاقو سے حملہ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
رپورٹ کے نامہ نگار کے مطابق فلسطینی نوجوان کی شہادت کا واقعہ جمعہ کی شام الخلیل کے شمال میں پیش آیا۔ اسرائیلی حکام کی بیان کردہ روایت کے مطابق ایک فلسطینی نوجوان نے اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کی جانب سے نکالی گئی ریلی سےنکل کر اسرائیلی فوجی پر چاقو سے حملہ کردیا۔ فوجیوں نے حملہ آور کا تعاقب کرکے اسے گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہید فلسطینی نوجوان نے زرد رنگ کی جیکٹ پہن رکھی تھی۔ وہ اسرائیلی فوجیوں کے قریب پہنچا اور تیزی کے ساتھ ایک یہودی فوجی پر چاقو سے حملہ کرکے فرار ہوگیا۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے اس کا تعاقب کیا اوراسے پکڑنے میں ناکام رہے۔ جب انہوں نے دیکھا کہ وہ فلسطینی نوجوان کو حراست میں لینے میں ناکام ہوگئے ہوگئے ہیں تو انہوں نے اس پر گولیاں چلا دیں۔ زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجی کو ایک ایمبولینس کے ذریعے وہاں سے لے جایا گیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا اسے کس نوعیت کے زخم آئےہیں۔