(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صیہونی ریاست فلسطینیوں کے حقوق کے لیے اٹھنے والی ہر آواز کچلنے لگی،عالمی برادری کو اسرائیل کا گھناونا چہرہ دکھانے کی پاداش میں امریکی کانگریس وومینز راشدہ طلیب اور الہان عمر کو اسرائیل کے دورے سے روک دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض صہیونی ریاست نے امریکی کانگریس کی دو خواتین ارکان الہان عمر اور راشدہ طلیب کو اسرائیل کے دورے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
عبرانی نیوز چینل 12 کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ روز کیا گیا اور اس فیصلے کا اعلان اسرائیلی وزیر داخلہ آریہ زیری نے کیا۔
ذرائع کے مطابق مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والی فلسطینی نژا د امریکی کانگریس وومن راشدہ طلیب اور افریقی نژاد امریکی کانگریس وومن الہان عمر فلسطینیوں پر روا رکھے جانے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف ہمیشہ سخت موقف اختیار کرتی ہیں اور اس حوالے سے مختلف فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہیں ہیں۔اسرائیلی مظالم کو دنیا کے سامنےآشکار کرنے کے لیے دو ماہ قبل انہوں نے اسرائیل کے دورے کا اعلان کیا تھا ،جس کے بعد سے اسرائیلی حکومت شدید خوف زدہ تھی اور ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکومت کا حالیہ فیصلہ اسی خوف کا نتیجہ ہے۔