انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی وزیر قانون وا نصاف اور جنگی مجرم "زیپی لیونی” کے پیش آئند ماہ دورہ برطانیہ روکنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
لندن سے شائع ہونے والے اخبار "جیوش کرونیکل” کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل مخالف سماجی گروپوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے برطانوی ارکان پالیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خاتون وزیرداخلہ ٹریزا مائی پر دباؤ ڈالیں تاکہ اسرائیلی وزیرانصاف زیپی لیونی کو برطانیہ میں داخلے سے روک دیں۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق کے کارکنوں کو توقع ہے کہ وہ زیپی لیونی کو برطانیہ میں داخلے سے روکنے کی اپنی مہم میں کامیاب رہیں گے کیونکہ انہوں نے کئی ارکان پارلیمان کو اپنے ہمنوا بنانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق زیپی لیونی پچیس مئی کو ایک یہودی خیراتی ادارے کی دعوت پر برطانیہ آ رہی ہیں۔ برطانوی وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے ہم انفرادی نوعیت کے کیسز پر کوئی کارروائی نہیں کرسکتے اور ہمیں یہ معلوم نہیں کہ آیا ارکان پارلیمان نے وزیرداخلہ مائی سے اس سلسلے میں کوئی رابطہ کیا ہے یا نہیں۔
لندن میں فلسطین ایکشن گروپ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے زیپی لیونی کی آمد کے موقع پراحتجاجی مظاہروں کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔
