عمان ۔۔۔ مرکزاطلاعات فلسطین
اردن کے دارالحکومت عمان میں نماز جمعہ کے بعد مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے ایک عظیم الشان
ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مسجد اقصیٰ پریہودی آباد کاروں اور اسرائیلی فوج کی یلغار کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالم اسلام سے قبلہ اول کے دفاع کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قبلہ اول سے یکجہتی ریلی کی کال اردن کی مذہبی اور سیاسی تحریکوں، سماجی تنظیموں اور نوجوانوں کی انجمنوں کی جانب سے دی گئی تھی۔ مظاہرین نےہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر قبلہ اول کی تقسیم کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے صہیونی فوج کی بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کے خلاف وحشیانہ اور غیر انسانی کارروائیوں کی بھی مذمت کی اور عالمی برادری سے بیت المقدس کے باشندوں کو صہیونی ریاستی دہشت گردی سے تحفظ دلانے کا مطالبہ کیا۔ عمان میں منعقدہ ریلی کے شرکاء نہایت جذباتی دکھائی دے رہے تھے اور ان کی جانب سے مسجد اقصیٰ زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونج رہی تھی۔ مظاہرین نے مسجد اقصیٰ کے دفاع کا ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے بیت المقدس کے باشندوں کے ساتھ مادی اور معنوی مدد کا بھی مطالبہ کیا اور ساتھ ہی بیت المقدس سے اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے حق میں نعرے لگائے۔
احتجاجی مظاہرے کے مقررین نے مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی صہیونی سازشوں کی مذمت کی اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی جارحیت کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرے۔ ریلی کے آخر میں منظور کی گئی قرارداد میں عالم اسلام کی جانب سے دفاع قبلہ اول کے لیے موثراقدامات نہ ہونے پر تشویش اور دکھ کا اظہار کیا گیا اور مسلم دنیاسے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ اپنے دفاع قبلہ اول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔