(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کے ایک سینیر فوجی افسر سے حساس نوعیت کی فوجی معلومات گم ہونے پر صہیونی فوجی حلقوں میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب فوج نے معلومات گم کرنے میں ملوث فوجی افسر کوحراست میں لینے کے بعد اسے عارضی طورپر ملازمت سے فارغ کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی سدرن کمان کے ایک کرنل نے حال ہی میں حساس معلومات اپنی گاڑی میں رکھیں اور وہ گاڑی میں ہی بھول گئے۔ اپنے گھر کے باہر گاڑی کھڑی کرنے کے بعد وہ اندر چلے گئے۔ بعد ازاں انہیں ان حساس دستاویزات کا خیال آیا۔ واپس آئے تو گاڑی میں وہ دستاویزات نہیں تھیں۔
اس پر فوجی افسر نے اپنے متعلقہ حکام کو مطلع کیا۔ انہوں نے فوجی افسر کو نوکری سے فارغ کرنے کے بعد اسے حراست میں لے لیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گم ہونے والی معلومات انٹیلی جنس نوعیت کی ہیں جو عام افراد کو نہیں بتائی جاسکتی ہیں۔ صہیونی فوج کی حساس معلومات فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھ بھی لگ سکتی ہیں۔