(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) آزاد جموں و کشمیرمیں لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مظفر آباد آزاد جموں و کشمیر ضلع حویلی کے مرکز فاوروڈ کہوٹہ کے پولیس حکام کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صبح 7 بجے کے قریب چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کی مدد سے رکھ چکری سیکٹر پر فائرنگ کی جوکہ 3گھنٹوں تک جاری رہی۔
پولیس کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں کیرنی گاؤں میں ایک گھر پر مارٹر شیل کے ٹکڑے گرے جس کی زد میں آکر 55 سالہ محمد سرور موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ان کی 47 سالہ اہلیہ گلاب زخمی ہوگئیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاندان کے 10 مویشی بھی شیلنگ سے زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کو گاؤں والوں نے حلال کرنے کے لیے ذبح کردیا جبکہ بقیہ مر گئے۔
اس سے قبل 29 اکتوبر کو اسی گاؤں میں بھارتی شیلنگ سے رخسانہ نامی خاتون اور ریحان راٹھور نامی رہائشی زخمی ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ حکام کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں رواں سال بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باعث 22 شہری زندگیوں سے محروم ہوئے جبکہ 195 زخمی ہوچکے ہیں۔