(فلسطین نیوز،مرکز اطلاعات) بلغاریہ کے صدر مقام صوفیا میں نامعلوم افراد کے حملے میں عوامی محاذ کے جلا وطن رہنما عمر النایف کے وحشیانہ قتل کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی گئی ہیں تاہم رپورٹ کے نتائج سامنے نہیں لائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق تنظیم آزادی فلسطین کی سینٹرل کونسل کے رکن عمر شحادہ نے بتایا کہ عمر النایف کے قتل کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔شحادہ کا کہنا تھا کہ عمرالنایف کے قتل کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ بدھ کی شام تک مکمل کرلی گئی ہے تاہم جلد ہی اس کے نتائج سامنے لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ النایف کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ جلد ہی ان کا جسد خاکی فلسطین میں ان کے ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو بلغاریہ میں قائم فلسطینی سفارت خانے میں نامعلوم افراد نے وہاں پناہ حاصل کرنے والے عوامی محاذ کے جلا وطن رہنما محمد عمر النایف کو قتل کردیا تھا۔ عوامی محاذ نے قتل کا الزام اسرائیل کے خفیہ ادارے موساد پرعائد کیا ہے اور ساتھ ہی فلسطینی اتھارٹی کے سفارت خانے کو بھی قصور وار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی سفارت خانے نے ملی بھگت کے ذریعے النایف کو قتل کرایا ہے۔
