(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزیر اعظم عمران خان نےکہاہے کہ ترکی کی غیر متزلزل حمایت حقِ خودارادیت کی جائز و منصفانہ جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کیلئےہمت و حوصلے کا ایک ذریعہ ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ترک صدر کےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا جس میں ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صدر اردگان کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے دوبارہ بات کی۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ترک صدرطیب اردگان نے مسئلہ کشمیر پر بھی بات کی اورکہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن و استحکام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے لیکن یہ مسئلہ آج تک حل نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ اگرمسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا توپھران اداروں کے وجود کی کوئی حیثیت نہیں ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدامات نے مسئلہ کو پیچیدہ کردیا ہے۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ ہم اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حامی ہیں۔