کیلیفورنیا (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکا میں تاریخ میں پہلی بار ایک سٹی کونسل کے صدر دفتر پر فلسطینی پرچم لہرا دیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی سٹی کونسل میں فلسطینی پرچم کشائی کا اہتمام ریاست کیلیفورنیا کے سان ھوزیہ شہر میں طلباء کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب میں امریکی سٹی کونسل کے رکن جونی خمیس نے انجینیرنگ کالج کے طالب علم عبدالرحمان المعاری اور دیگر طلباء کی مساعی کا خیر مقدم کیا۔
فلسطینی پرچم کشائی کی تقریب میں امریکی اور فلسطینی قومی ترانوں کی دھنیں بھی پیش کی گئیں۔ یہ پرچم رام اللہ میں ایک شہری کی جانب سے تیار کیا گیا اور اسے اس موقع کے لیے خصوصی طور پر امریکا بھیجا گیا تھا۔
جونی خمیس کا کہنا تھا کہ ہم مذہب کی بنیاد پر انسانوں میں تفریق نہیں کرتے اور نہ ہی امریکا کو کسی ایک مذہب کے پیروکاروں کا ملک سمجھتے ہیں۔ امریکا میں بسنے والے تمام انسانوں کو اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق زندگی گذارنے کا حق ہے۔ جب انسانوں میں مذہب کی بنیاد پر تفریق کی جائے گی تو اس کے نتیجے جنگ ہوسکتی ہے۔