رپورٹ کے مطابق برلن میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں انسانی حقوق کے مندوبین، سماجی کارکنوں، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے جرمن چانسلر انگیلا میریکل سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی ریاست پرفلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال روکنے کے لیے دبائو ڈالیں اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق سنگین پامالیوں کا سلسلہ بند کرائیں۔
احتجاجی مظاہرے کی کال جرمنی میں "فلسطین ۔ جرمنی کلب” کی جانب سے دی گئی تھی، جس میں جرمنی میں مقیم فلسطینی، مسلمان شہریوں اور مقامی باشندوں نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے وحشیانہ طاقت کے استعمال کے خلاف سخت غم وغصے کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے اسرائیلی جرائم کی روک تھام کے لیے موثراقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔
جنوبی جرمنی کے شہروں میونخ اور چوگارٹ میں بھی فلسطینی کمیونٹی اور انسانی حقوق کے مندوبین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبوں کے ساتھ فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ کتبوں پر "مسجد اقصیٰ کی تقسیم نامنظور” کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے جرمن حکومت کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اختیار کردہ خاموشی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جرمن چانسلر سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل سے فلسطینیوں پر طاقت کا استعمال بند کرانے کا مطالبہ کریں۔
امریکا میں اسرائیل کے خلاف ریلی
ادھر امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھی سیکڑوں افراد نے فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک عظیم الشان ریلی نکالی۔ وائیٹ ہائوس کے سامنے نکالی گئی ریلی میں شریک مظاہرین نے امریکی حکومت کی اسرائیل نوازپالیسیوں کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کی حمایت، اسرائیلی جارحیت کی مخالفت، غزہ کی پٹی کی معاشی ناکہ بندی کے خاتمے اورامریکا کی اسرائیل کی حمایت کے خلاف نعرے درج تھے۔
واشنگٹن میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں اسرائیلی ریاست کے وجود کے خلاف سرگرم یہودیوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے اسرائیل کو ایک بدمعاش ریاست قرار دیتے ہوئے امریکی حکومت سے صہیونی ریاست کے ساتھ تعاون ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے امریکی صدر باراک اوباما کی اسرائیل نواز پالیسیوں کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور مسجد اقصیٰ کی حمایت اور فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کی حمایت میں نعرے بازی کی۔