(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی خبر رساں ایجنسی معا کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیر جنگ موشے یعلون نے دھمکی دی ہے کہ اگر فلسطینی مجاہدین نے ہتھیار نہ ڈالے تو اسرائیلی فوج اس علاقے پر فضائی بمباری کر دے گی۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے ہفتے کے روز غزہ سٹی اور اس کے شمالی نواحی علاقوں پر کئی بار بمباری کی ہے جس میں دو کم سن فلسطینی بہن بھائی شہید اور ایک تیرہ سالہ فلسطینی بچہ زخمی ہوگیا ۔فلسطینی مجاہدین نے بھی اسرائیلی جارحیت کے جواب میں مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر تین میزائل فائرکیے ہیں۔ ان حملوں میں اسرائیلی فوجیوں کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کے یہ حملے حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان سن دو ہزار چودہ کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔
سن دو ہزار چودہ میں غزہ کے مکینوں کے خلاف پچاس روز تک جاری رہنے والی اسرائیلی جارحیت میں دو ہزار سے زیادہ فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے جن میں پانچ سو ستتر بچے تھے۔
اسرائیل نے سن دو ہزار سات سے غزہ کا زمینی ، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں ڈیڑھ ملین سے زیادہ فلسطینی شہریوں کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔