اردنی حکومت کے ترجمان محمد مومانی نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصٰی میں محکمہ اوقاف کے عہدیداران اور ملازمین کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لئے کیمروں کی تنصیب کی مذمت کی ہے۔
مومانی نے مسجد اقصٰی کے اندر ایک اسرائیلی پولیس سٹیشن کی موجودگی کو بھی مسترد کیا اور اس عمل کو مسجد اقصٰی کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے اسلامی اردنی اوقاف کے مشن کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اردنی حکومت کے ترجمان نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ مسجد اقصٰی میں تمام قسم کی فوجی موجودگی کو ختم کردیں جن میں پولیس اسٹیشن اور سرویلنس کیمروں کو ہٹانا بھی شامل ہے۔ انہوں نے سال 2011ء میں مغربی گیٹ پر لگائے گئے سرویلنس کیمروں کو بھی ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
مومانی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی فوج کی حفاظت میں "سیاحت” کو ختم کردے کیوںکہ یہ عمل دنیا کے 1٫7 بلین مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے۔