اسرائیلی وزارت داخلہ کے ماتحت پلاننگ وہائسنگ کمیٹی نے صہیونی وزیراعظم کے سیکرٹیریٹ کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ صہیونی حکومت کی طرف سے وزیراعظم ہاؤس "کریات ھلئوم” نامی یہودی کالونی میں تعمیر کیاجائے گا۔ وزیراعظم سیکرٹیریٹ کی بیت المقدس منتقلی کے منصوبے پر تکنیکی پہلوئوں سے اعتراضات طلب کیے گئے ہیں۔
عبرانی اخبار کی ویب سائیٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صہیونی پلاننگ وہائسنگ کمیٹی نے بیت المقدس میں اسرائیلی سپریم کورٹ اور کراؤن پلازا فائیو اسٹار ہوٹل کے درمیان 33 دنم [ 33 ہزار مربع میٹر] کے رقبے پر وزیراعظم ہاؤس کےقیام کی منظوری دی ہے۔ منصوبے پر 650 ملین شیکل کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
وزیراعظم سیکرٹیریٹ کی عمارت کی تعمیر کے لیے نقشہ کرمی ملمید نامی ایک خاتون انجینیر نے تیار کیا ہے۔ اگلے مرحلے میں عمارت کی مزید تین گنا توسیع کے بعد اسے 90 ہزار مربع میٹر پرپھیلایا جائے گا۔