رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے سرگرم قومی فالو اپ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ہیگ پہنچنے والے وفد کی قیادت فلسطینی سفارت کار صائب عریقات کررہے ہیں۔ جب کہ وفد میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنان اور ماہرین قوانین بھی شامل ہیں۔
فالو اپ کمیٹی کے ترجمان غازی حمد نے غزہ میں پریس کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ہیگ پہنچنے والے فلسطینی وفد کی قیادت صائب عریقات کررہے ہیں۔ یہ وفد آج منگل سے عالمی فوج داری عدالت کے ماہرین قانون سے فلسطین کی موجودہ صورت حال بالخصوص اسرائیل کے وحشیانہ جرائم پر تفصیل سے بات چیت کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے خلاف قانون چارہ جوئی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرے گا۔
مسٹر غازی حمد کا کہنا تھا کہ 19 تا 21 مارچ کو اردن کے صدر مقام عمان میں فلسطینی مندوبین اور عالمی فوج داری عدالت کے نمائندگان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں بھی فلسطین میں اسرائیل کے جنگی جرائم سے متعلق رپورٹس پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔
فلسطینی انسانی حقوق کے مندوب کا کہنا تھا کہ اسرائیل عالمی یہودی لابی کی مدد سے عالمی فوج داری عدالت پر اپنے جنگی جرائم کی تحقیقات رکوانے کے لیے اثرا نداز ہونے کی کوشش کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی لابی کی جانب سے جنگی جرائم کی تحقیقات کو فالو کرنے والے کارکنوں کو سنگین نتائج کی دھمکیوں کے ساتھ ساتھ لالچ کے ذریعے انہیں خاموش کرانے کی بھی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ عالمی فوج داری عدالت نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کی راہ ہموار کی ہے مگر عالمی سطح پر اسرائیل کی حمایت کے باعث عالمی عدالت تا حال صہیونی ریاست کے جرائم کی کوئی خاص تحقیقات نہیں کرسکی ہے۔
