اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق وزارت دفاع نے’’میرکافا‘‘ ٹینک اور فوجیوں کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والے بم پروف ٹرکوں کی تیاری کے لیےکئی ملین شیکل اضافی رقم ملٹری انڈسٹری کے حوالے کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت دفاع نے فوجی کارخانے’’ارڈان متسبیہ رامون‘‘ کو 16 ملین شیکل کی رقم جاری کی ہے جو بھاری فوجی سازو سامان تیار کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ شمالی اسرائیل میں قائم ’’کریات شمونہ‘‘ اور’’مجدال ھعیمق‘‘ کو بھی بھاری فوجی سامان کی تیاری کے لیے 55 ملین شیکل کی رقم ادا کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پچھلے سال غزہ کی پٹی پر مسلط جنگ کے بعد اسرائیلی فوج نے ڈرامائی انداز میں ’’ٹروپس کیریئر‘‘ ٹرکوں اور بکتر بند جیپوں کی خصوصی تیاری کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی ’’میرکافا‘‘ انڈسٹری سالانہ 700 ملین شیکل کا فوجی سازو سامان تیار کرتی ہے اور اس کارخانے میں تیار ہونے والی فوجی مصنوعات یورپی یونین، امریکا اور مشرقی ایشیا کو فروخت بھی کی جاتی ہیں۔
پچھلے سال غزہ کی پٹی میں جنگ کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کےراکٹ حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی فوجیوں کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والے بلٹ پروف ٹرکوں کو غیرمعمولی نقصان پہنچا تھا جس کے بعد فوج کو مزید ٹرکوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین