رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کو اسرائیلی فوجیوں نے مزید تین فلسطینیوں کو شہید اور پچاس سے زائد کو زخمی کیا ہے۔گذشتہ روز شمالی غزہ کی پٹی میں البریج کیمپ کے قریب اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 27 سالہ نوجوان احمد السرحی شہید چار افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے تین کو پائوں میں گولیاں لگی ہیں جنہیں اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔
ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 25 سالہ حمزہ موسیٰ المعلہ جام شہادت نوش کرگیا۔ حمزہ موسیٰ کا تعلق مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے بیت اولا قصبے سے تھا۔ حمزہ نے اپنی کار سے تین یہودی آباد کاروں کو کچل ڈالا۔ اسرائیلی فوج نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے اسے گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔
الخلیل شہر میں الخلیل شہر ہی میں 24 سالہ عدی ھاشم المسالمہ کو گولیاں ماریں۔ ایک گولی اس کے سرکے عقبی حصے سے گذرتی ہوئی آگے سے نکل گئی۔ کئی گولیاں اس کی ٹانگوں میں بھی لگیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مسالمہ نے یہودی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی جس پراسے گولیاں ماری گئیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ یکم اکتوبر سے جاری عوامی تحریک انتفاضہ کے دوران اب تک 49 فلسطینی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید اور 1900 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ 1000 سے زائد فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ شہداء میں سے 10 بچے شامل ہیں جن کی عمریں 16 ماہ سے 17 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 33 شہداء کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس سے ہے جب کہ 15 غزہ کی پٹی میں شہید کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 19 فلسطینیوں کو جعلی مقابلوں میں تعاقب کرکے گولیاں ماری گئیں اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ شہید ہونے والے فلسطینی یہودی فوجیوں اور آباد کاروں پر چاقو سے قاتلانہ حملوں کی کوشش کررہے تھے۔
رواں ماہ کے اوائل سے جاری تحریک میں اب تک اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 1900 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے بیشتر افراد براہ راست فائرنگ، ربڑ کی گولیوں، آنسوگیس کی شیلنگ اور بمباری سے زخمی ہوئے۔
فلسطین کے طبی امدادی ادارے ہلال احمر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے رضاکاروں نے اسرائیلی فوج کے حملوں میں زخمی ہونے والے 5406 افراد کو فوری طبی امداد مہیا کی تھی۔ آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہونے والوں کی تعداد 3500 بتائی جاتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 541 فلسطینی براہ راست فائرنگ سےم 1283 ربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیوں سے، 117 لاٹھی چارج سے، تین فلسطینی کاروں کی ٹکر سے، پانچ بمباری سے اور 3457 آنسوگیس کی شیلنگ سے متاثر ہوئے۔